نئی دہلی:منی پور میں ایک بار پھر تشدد بھڑک اٹھا ہے۔ تشدد کے تازہ واقعات میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پیر کو چار روزہ دورے پر منی پور جائیں گے۔ اس دوران وہ ریاست کی صورتحال کا جائزہ لینے اور حالات کو معمول پر لانے کی منصوبہ بندی کے لیے سیکورٹی سے متعلق میٹنگیں کریں گے۔ 3 مئی کو منی پور میں نسلی تنازعہ شروع ہونے کے بعد یہ امیت شاہ کا شمال مشرقی ریاست کا پہلا دورہ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ امت شاہ 29 مئی سے یکم جون تک ریاست میں رہیں گے۔ وہ آج شام امپھال پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شاہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سیکورٹی میٹنگ کریں گے اور معمول کی بحالی کے لیے اگلے لائحہ عمل کی منصوبہ بندی کریں گے۔
