امیت شاہ کا برو پناہ گزینوں کے خلاف سخت موقف

,

   

کیمپوں میں فاقہ کشی سے ایک ہفتہ میں 7 اموات
اگرتلا 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے شمالی تریپورہ میں چھ کیمپوں میں پناہ لینے والے برو پناہ گزینوں کے لئے راشن فراہمی دوبارہ شروع کرنے کی مانگ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر وہ اگلے تین دنوں میں میزورم جاتے ہیں تو فی کنبہ 25 ہزار روپے کی اضافی رقم فراہم کی جائے گی ۔حکام کے مطابق یہاں گزشتہ چھ دنوں سے برو پناہ گزین مسلسل سڑکیں بند کر کے مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ تریپورہ حکومت نے اس معاملے کو وزارت داخلہ کے سامنے اٹھایا اور تعطل کو ختم کرنے کے لئے آگے کی کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ریاستی حکومت نے پناہ گزین کیمپوں میں بھوک مری کی وجہ سے گزشتہ ایک ہفتے میں سات افراد کی موت کی رپورٹ کے پیش نظر ضروری رسد کے ساتھ ایک میڈیکل ٹیم کو بھیجا ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری کمار آلوک نئی سنگھ پورہ کے پناہ گزین کیمپ پہنچے ا ور میزورم برو ڈسپلیڈ پیپلز فورم ( ایم بی ڈی پی ایف ) کے لیڈروں سے ملے اور رکاوٹوں کو ہٹانے اور دھرنا واپس لینے کی اپیل کی ۔ میٹنگ کے بعد وزارت داخلہ کے موقف کے با رے میں معلومات پناہ گزینوں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور انہوں نے سخت رد عمل کا اظہا ر کیا ۔ برو لیڈروں نے اس کی مخالفت میں انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ مرکز کی طرف سے طے شدہ شرائط پر ان کی میزورم میں بازآباد کاری نہیں ہو گی کیونکہ مرکز نے انہیں مستقل سماجی و ثقافتی اور مذہبی بحران میں ڈال دیا ہے ۔