کرناٹک حکومت کی اقتدار سے بیدخلی کی کوشش کا کانگریس قائد کا بی جے پی پر الزام
بنگلورو ۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس قائد بی کے ہری پرساد نے آج قومی صدر بی جے پی امیت شاہ کی صحت کی حالت کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ انہیں سوائن فلو اس لئے ہوا ہے کیونکہ ان کی پارٹی نے مبینہ طور پر کانگریس ۔ جے ڈی ایس کرناٹک حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کی تھی۔ راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ہری پرساد کا یہ تبصرہ بی جے پی کے برہم ردعمل کا سبب بنا۔ کرناٹک بی جے پی نے انہیں ’’بدمعاش‘‘ اور ان کے تبصرہ کو ’’بے شرمی کا‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پارٹی کی تہذیب اور ذہنی استحکام کا مظاہرہ ہوتا ہے۔ بی جے پی نے صدر کانگریس راہول گاندھی سے گذارش کی کہ وہ ہری پرساد کو ذہنی صحت کے قومی ادارہ سے رجوع ہونے کا مشورہ دیں۔ امیت شاہ کو بخار ہے۔ یہ عام بخار نہیں بلکہ سوائن فلو ہے۔ ہری پرساد نے اپنے تبصرہ میں جو بنگلور میں کنڑی میں کیا گیا تھا، اسے بی جے پی کی حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی کوشش سے مربوط کیا۔ بی جے پی کے شعبہ ذرائع ابلاغ کے صدر انیل بلونی نے کہا کہ امیت شاہ کی صحت بہتر ہورہی ہے اور وہ ایک یا دو دن میں ڈسچارج کردیئے جائیں گے۔