امیت شاہ کا عنقریب دورۂ تلنگانہ، شہریت قانون کی تائید میں جلسہ

   

حیدرآباد۔ 13 فروری (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس مرکز کے شہریت قانون کی غیر ضروری مخالفت کررہی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے مفاد میں یہ قانون وضع کیا لیکن مجلس کی کٹ پتلی ٹی آر ایس بل کی مخالفت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی شہریت قانون کے بارے میں عوام میں شعور بیداری اور ٹی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں کے خلاف مہم چلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بے قاعدگیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ ڈاکٹر لکشمن نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ عنقریب تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ تلنگانہ میں شہریت قانون کی تائید میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریت قانون سے ملک میں موجود مسلمانوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔