امیت شاہ کو مرکزی کابینہ سے برطرف کیا جائے: مہیش کمار گوڑ

   

مخالف امبیڈکر بیان سے بی جے پی کی پالیسی بے نقاب، حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کا الزام
حیدرآباد ۔23۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے مرکزی کابینہ سے امیت شاہ کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی توہین کرتے ہوئے امیت شاہ نے ملک و قوم کے جذبات مجروح کئے ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ امیت شاہ نے عوامی مسائل اور حکومت کی بدعنوانیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے جان بوجھ کر متنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل پر امیت شاہ کے خلاف تلنگانہ میں ایک ہفتہ طویل احتجاجی پروگرامس منظم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مرکزی کابینہ سے امیت شاہ کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دستور ہند کے معمار کی توہین کو ہرگز برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے بیان سے بی جے پی کی مخالف دلت پالیسی آشکار ہوچکی ہے۔ نریندر مودی برسر اقتدار آنے کے بعد سے ملک میں دلتوں پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور دستور کے تحفظ کے لئے کانگریس کی جدوجہد میں شدت پیدا کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو عوامی مسائل پر جدوجہد سے روکنے کیلئے بی جے پی الزام تراشی کی مہم شروع کرچکی ہے۔ راہول گاندھی کے سیاسی امیج کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ راہول گاندھی کی مہم کو ملک بھر میں عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہوئی ہے۔1