ہائی کورٹ کے فیصلہ کی خلاف ورزی کا الزام
حیدرآباد۔/13 ستمبر، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس کے باغی رکن اسمبلی رگھورام کرشنا راجو نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے شکایت کی ہے کہ دارالحکومت امراوتی کے بارے میں آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے احکامات کی وائی ایس آر کانگریس حکومت خلاف ورزی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ نے امراوتی کو دارالحکومت کے طور پر برقرار رکھنے کے حق میں فیصلہ دیا لیکن ریاستی وزراء تین علحدہ دارالحکومتوں کے قیام کے بارے میں بیانات دے رہے ہیں جو ہائی کورٹ کے فیصلہ کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے کسان 1000 کیلو میٹر طویل پدیاترا پر ہیں اور ریاستی وزراء کے بیانات سے کسانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ رگھو رام کرشنا راجو نے امیت شاہ سے اپیل کی کہ قومی اداروں کے ذریعہ کسانوں کے تحفظ کے اقدامات کئے جائیں ۔ واضح رہے کہ امراوتی کو راجدھانی کے طور پر برقرار رکھنے کیلئے کسان طویل پدیاترا پر ہیں۔ر