امیت شاہ کو ہندو راشٹربنانے کی فکر لاحق

   

اتراکھنڈ میں نپور شرما کے آبائی مکان کو زیڈ سکیورٹی کی سفارش
نئی دہلی : مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے چیف منسٹر اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی کو کہا ہے کہ موجودہ حالات میں نپور شرما کو اُبھرتے خطرات کا گہرائی سے جائزہ لیں اور دہرہ دون میں نپور کے آبائی مکان کے لئے ہنگامی اساس پر زیڈ سکیورٹی فراہم کی جائے۔ امیت شاہ نے اِس سلسلہ میں چیف منسٹر کو مکتوب تحریر کیا اور اِس کی شروعات میں پشکر سنگھ انتظامیہ کی ستائش کی جس نے اجئے گپتا کو زیڈ سکیورٹی فراہم کی ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ نے چیف منسٹر پر اعتماد ظاہر کیاکہ وہ اجئے گپتا اور نپور شرما اور اُن کے متعلقہ املاک کی حفاظت میں کامیاب رہیں گے۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ اجئے اور نپور دونوں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی آئیڈیالوجی کا پرچار کرنے والے نمایاں پرچارک ہیں اور اِس نظریہ سے حکومت کو ہندو راشٹر کے مقصد کی تکمیل کرنے میں مدد ملے گی۔ امیت شاہ نے چیف منسٹر سے کہاکہ وہ اِس مقصد کی حساس نوعیت کو سمجھتے ہوئے اِسے ترجیح دیں گے۔