امیت شاہ کیخلاف ریمارک پرراہول کو دوبارہ سمن

   

احمدآباد ، 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو آج یہاں کی ایک عدالت نے تازہ سمن جاری کرتے ہوئے 9 اگست کو ہتک عزت کے فوجداری مقدمہ میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے، جو اُن کے خلاف مقامی بی جے پی لیڈر نے مرکزی وزیر داخلہ کو مبینہ طور پر ’’قتل کا ملزم‘‘ کہنے پر دائر کیا ہے۔ ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ڈی ایس دابھی نے دوبارہ سمن جاری کیا جبکہ یکم مئی کو جاری کردہ پہلا سمن واپس آگیا ہے۔ یہ سمن اسپیکر لوک سبھا کے ذریعے راہول کو دیا جانا تھا کیونکہ وہ رکن پارلیمان ہیں۔ شکایت کنندہ کے وکیل پرکاش پٹیل نے کہا کہ اسپیکر نے سمن یہ کہتے ہوئے واپس کردیا کہ اس معاملے میں اُن کا کوئی رول نہیں ہے۔ تازہ سمن جو راہول کو 9 اگست کو حاضر ہونے کی ہدایت کے ساتھ جاری کئے گئے، اب کانگریس لیڈر کو نئی دہلی میں اُن کی قیامگاہ پر راست پہنچایا جائے گا۔