سی اے اے کے تعلق سے حفاظتی اقدامات پر غورو خوض
نئی دہلی ۔ 9 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج چیف منسٹر آسام سرب نند سونووال کے ساتھ میٹنگ منعقد کی اور بتایا جاتا ہے کہ ریاست کے دیسی عوام کو دستوری حفاظتی اقدامات کے سلسلہ میں ممکنہ تجاویز پر غور و خوض کیا گیا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ یہ میٹنگ آسام میں شہریت ترمیمی بل (سی اے اے) کے خلاف وسیع پیمانہ پر احتجاجوں کے درمیان منعقد ہوئی ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے آسام کے دیسی عوام کو 1985 ء کے آسام معاہدہ کے مطابق دیئے گئے دستوری تحفظ کے تعلق سے تفصیلی بات کی۔ تاہم دو گھنٹے طویل میٹنگ کی تفصیلات فوری طور پر معلوم نہیں ہوئی۔ اس میٹنگ میں آسام کے وزیر فینانس ہیمانتا بسوا سرما بھی شریک ہوئے ۔ آسام معاہدہ کا فقرہ 6 آسامی عوام کو دستوری تحفظ فراہم کرتا ہے۔ احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ سی اے اے آسام معاہدہ کے دفعات کی خلاف ورزی ہے۔