کانگریس کو کمزورکرنے ٹی آر ایس ، بی جے پی اور مجلس کی ساز باز
حیدرآباد: کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے اشارہ پر کے سی آر نے اپنے فرزند کے ٹی آر کو چیف منسٹر مقرر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے اشارہ پر چیف منسٹر کام کر رہے ہیں اور کے ٹی آر کو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کرنے کے پس پردہ بی جے پی کا ڈائرکشن ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کی تبدیلی کے سی آر خاندان کا داخلی معاملہ ہے۔ وہ چاہے تو بیٹا یا پھر بیٹی کو اس عہدہ پر فائز کرنے کیلئے آزاد ہیں۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ والدکے بعد بیٹا ہی چیف منسٹر ہوسکتا ہے ، داماد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی ، ٹی آر ایس اور مجلس کے درمیان ملی بھگت ہے اور وہ کانگریس کو اقتدار سے روکنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوامی مسائل سے زیادہ ہندو مسلم سیاست چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ میئر کے انتخابات میں تینوں پارٹیاں مل کر کام کریں گی۔ جگا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرے کی مخالفت میں بیان بازی کا ڈرامہ کر رہی ہیں حالانکہ اس ڈرامہ بازی کا مقصد ایک دوسرے کے مخالف ووٹ آپس میں تقسیم کرنا ہے۔ ٹی آر ایس مخالف ووٹ بی جے پی اور بی جے پی کے مخالف ووٹ ٹی آر ایس کو منتقل کرنے کی سازش ہے تاکہ کانگریس کو کمزور کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے نے کبھی بھی عوامی مسائل پر بات چیت نہیں کی۔ وہ 100 سے زائد مرتبہ کے سی آر کوجیل بھیجنے کا اعلان کرچکے ہیں لیکن اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ کس دن جیل بھیجا جائے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی کے سی آر سے خوفزدہ کیوں ہیں۔ محض اعلانات کے بجائے سنجے کو جیل بھیجنے کی تاریخ کا اعلان کرنا چاہئے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس ، بی جے پی اور مجلس کی ڈرامہ بازی سے چوکس رہیں اور آئندہ انتخابات میں کانگریس کو کامیاب بنائیں کیونکہ صرف کانگریس پارٹی ہی عوامی مسائل کو حل کرسکتی ہے۔