انتخابات میں بی جے پی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹیوں کو سبق سکھانے کا عزم : کلا وینکٹ راؤ
حیدرآباد /3 فروری ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش تلگودیشم پارٹی نے قومی صدر بی جے پی مسٹر امیت شاہ کے دورہ آندھراپردیش کی مخالفت کی اور دریافت کیا کہ مسٹر امیت شاہ آیا کیا منہ لیکر ریاست کا دورہ کریں گے ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر تلگودیشم پارٹی آندھراپردیش و ریاستی وزیر برقی مسٹر کلاوینکٹ راؤ نے یہ بات کہی ۔ اور بتایا کہ آندھراپردیش کے ساتھ ناانصافیاں کرنے کے مکمل طور پر وزیر اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ ہی ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی قائدین کے دورہ کی خود ریاستی عوام ہی پرزور مخالفت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور مبینہ بے قاعدگیوں کے ذریعہ کمائی ہوئی دولت سے تلگو اخبار اور ٹی وی چیانل کے ذریعہ نشر کی جانے والی خبروں کو غلط و بے بنیاد قرار دیا ۔ صدر تلگودیشم پارٹی نے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے عوام کیلئے پنشن کی رقم میں اضافہ کرنے ڈاکرا گروپ کی خواتین کو دس ہزار روپیوں کی فراہمی کے تعلق سے عوام میں مثبت ردعمل پایا جارہا ہے ۔ اور حکومت کی ستائش کی جارہی ہے ۔ مسٹر کلاوینکٹ راؤ نے کہا کہ آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور بی جے پی کو ریاست کے عوام بہتر سبق سکھائیں گے ۔