ریونت ریڈی کی وکیل سومیا گپتا نے دہلی پولیس سے وضاحت کی
حیدرآباد۔ یکم؍ مئی (سیاست نیوز) دہلی پولیس کی نوٹس پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی طرف سے وکیل سومیا گپتا نے وضاحت پیش کی ہے جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے فیک ویڈیو شیئر کرنے سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ آئی این سی تلنگانہ ٹویٹر اکاؤنٹ کے وہ مالک بھی نہیں ہیں اور وہ اس اکاؤنٹ کے نگران کار بھی نہیں ہیں۔ میں صرف دو ٹوئٹر اکاؤنٹس استعمال کرتا ہوں ایک CMO تلنگانہ اور دوسرا ان کا ذاتی اکاؤنٹ ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ایڈوکیٹ سومیا گپتا کے ذریعہ دہلی پولیس کو جواب روانہ کیا ہے۔ دوسری جانب دہلی پولیس نے کانگریس سوشل میڈیا واریئر گیتا کا فون ضبط کرلیا ہے۔ دہلی پولیس نے شانتی نگر، سکندرآباد سے تعلق رکھنے والی گیتا کو سی آر پی سی 41A کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 5 مئی کو دہلی پولیس کے سامنے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے چند دن قبل تلنگانہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر مرکز میں بی جے پی کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوتا ہے تو وہ غیر دستوری مسلم تحفظات کو منسوخ کردیں گے۔ ان تحفظات کو ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات میں تقسیم کریں گے۔ امیت شاہ کے ان الفاظ کو چند لوگوں نے توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ تمام تحفظات کو ختم کردینے جیسا ویڈیو ایڈٹ کیا گیا جس کیخلاف دہلی پولیس سے شکایت کی گئی۔ دہلی پولیس کی نوٹس کا جواب دینے کیلئے کانگریس نے 4 ہفتوں کا وقت طلب کیا ہے۔ 2