امیدواروں کی بنیاد پر تائید کرنے عوام سے اپیل: اتم کمار ریڈی

,

   

ٹی آر ایس امیدوار عوامی خدمت کے جذبہ سے عاری،نلگنڈہ کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن
حیدرآباد ۔ 2۔ اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اور نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے پارٹی امیدوار اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کی ترقی کے بارے میں ایک بار بھی پارلیمنٹ میں آواز نہیں اٹھائی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امیدواروں کی بنیاد پر اپنی تائید کا فیصلہ کریں۔ ٹی آر ایس نے جن امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے ، ان میں عوامی خدمت کا کوئی جذبہ نہیں ہے۔ سوریا پیٹ ضلع کے حضور آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ سرگرم سیاست میں 25 سال کا تجربہ رکھتے ہیں اور وہ عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے پارلیمنٹ میں جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حیدرآباد۔وجئے واڑہ اور نلگنڈہ۔ادنکی روٹ پر عوام کو ٹول ٹیکس کے بوجھ سے نجات دلانے کے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ ، مریال گوڑہ اور سوریا پیٹ کو آئی ٹی ہب میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد تا وجئے واڑہ ریلوے لائین کے آغاز کیلئے مساعی کریں گے اور مریال گوڑہ تا جگیا پیٹ گڈس ریلوے پیسنجر میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے کئی نامور شخصیتوں نے نمائندگی کی ہے اور وہ اس حلقہ سے مقابلہ کرنے کو باعث فخر تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ عوام کی مکمل تائید حاصل ہوگی۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ تعلیم ، آبپاشی کے علاوہ دیگر بنیادی مسائل کی یکسوئی اولین ترجیح رہے گی۔ انہوں نے حضور نگر اور کوداڑ میں ای ایس آئی ہاسپٹل کے قیام کا وعدہ کیا ۔ اتم کمار ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر کمائی ہوئی دولت کے ذریعہ ٹکٹ حاصل کرنے والے ٹی آر ایس امیدواروں کو مسترد کردیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس نے جس طرح دھاندلیوں سے کامیابی حاصل کی ، وہ لوک سبھا میں ممکن نہیں ہے۔ کانگریس کا لوک سبھا انتخابات میں شاندار مظاہرہ رہے گا۔