امیدواروں کی بیویاں چناؤ مہم میں سرگرم عمل

   

حیدرآباد 7 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں چناؤ مہم زوروں پر ہے۔ بہت سے حلقوں میں امیدواروں کی بیویاں بھی اپنے شوہروں کی مدد کے لئے انتخابی مہم میں سرگرم حصہ لے رہی ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اور نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ میں کانگریس امیدوار اتم کمار ریڈی کی اہلیہ این پدماوتی ریڈی جو سابق ایم ایل اے ہیں، سرگرم مہم چلارہی ہیں۔ چیوڑلہ کے کانگریس امیدوار کونڈہ ویویشور ریڈی کی اہلیہ سنگیتا ریڈی جو اپولو ہاسپٹل کی بڑی عہدیدار ہیں، اپنے شوہر کے لئے زور و شور سے مہم چلارہی ہیں۔ سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کے بی جے پی امیدوار کشن ریڈی کی اہلیہ کاویا بھی عنبرپیٹ حلقہ میں کشن ریڈی کے حق میں گھر گھر مہم چلارہی ہیں۔ حالیہ اسمبلی چناؤ میں کشن ریڈی کو عنبرپیٹ حلقہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ملکاجگری لوک سبھا حلقہ میں کانگریس امیدوار ریونت ریڈی نے انتخابی مہم کی نگرانی کی ذمہ داری اپنی اہلیہ گیتا کے سپرد کی ہے جو ریونت ریڈی کی چناؤ مہم میں کافی سرگرم ہیں۔