امیدواروں کے انتخاب پر ہائی کمان کے رویہ سے ناراضگی

   

تلنگانہ کانگریس پر ہائی کمان فوری توجہ دیں، سابق ایم پی رویندر نائک کا بیان

حیدرآباد ۔ 18۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ رویندر نائک نے لوک سبھا کے امیدواروں کے انتخاب پر اعتراض کیا اور کہا کہ اسمبلی انتخابات میں شکست خوردہ قائدین کو لوک سبھا کا ٹکٹ دیا جارہا ہے ۔ یہ صورتحال تلنگانہ میں پارٹی کے مستقبل کیلئے ٹھیک نہیں ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رویندر نائک نے کہا کہ لوک سبھا امیدواروں کی پہلی فہرست میں اہل قائدین کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہائی کمان کا رویہ یہی برقرار رہا توتلنگانہ میں کانگریس کو نقصان یقینی طور پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی ہر ممکن کوشش ہے کہ کانگریس پارٹی کو نقصان پہنچایا جائے ۔ کانگریس ہائی کمان کو فوری احتیاطی تدابیر اور چوکسی کی ضرورت ہے۔ رویندر نائک نے کہا کہ تلگو ریاستوں میں کانگریس کا موقف کافی مستحکم ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض قائدین نے لوک سبھا کیلئے ان کے ٹکٹ کی راہ میں رکاوٹ پیدا کردی۔ آخرکار انہوں نے نلگنڈہ لوک سبھا نشست سے مقابلہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ ہائی کمان اور اتم کمار ریڈی سے خواہش کرتا ہوں کہ میرے نام پر غور کیا جائے ۔ وزیر اور ایم ایل اے کی حیثیت سے میں نے نلگنڈہ ضلع کی خدمت کی ہے۔ رویندر نائک نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، ان کی تکمیل نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کے سی آر سے سوال کیا کہ اسمبلی میں اکثریت کے باوجود کانگریس ارکان اسمبلی کو کیوں خریدا جارہا ہے ۔ رویندر نائک نے کہا کہ کے سی آر میں وہ طاقت نہیں کہ کانگریس کو ختم کرسکے۔ انہوں نے ارکان اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نلگنڈہ سے کے سی آر بھی مقابلہ کرتے ہیں تو وہ انہیں کانگریس کے ٹکٹ پر شکست دیں گے کیونکہ وہاںچار لاکھ گریجن رائے دہندے ہیں۔