امیدواروں کے انتخاب کیلئے کانگریس الیکشن کمیٹی کا 3 ستمبر کو اجلاس

   

اسکریننگ کمیٹی کی جانب سے 4 ستمبر کو فہرست کو قطعیت دی جائے گی
حیدرآباد ۔31۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس اسمبلی امیدواروں کے انتخاب کیلئے 2 ستمبر کو منعقد ہونے والے پردیش الیکشن کمیٹی کے اجلاس کی تاریخ تبدیل کردی گئی ہے ۔ یہ اجلاس 3 ستمبر کو منعقد ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ 2 ستمبر کو سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی برسی کے موقع پر مختلف پروگراموں کے پیش نظر کمیٹی کے ارکان نے تاریخ میں تبدیلی کی سفارش کی تھی جس پر اجلاس کو 3 ستمبر کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پردیش الیکشن کمیٹی کا اجلاس شام 4.00 منعقد ہوگا جس میں پارٹی ٹکٹ کیلئے داخل کی گئی تمام درخواستوں کی جانچ کی جائے گی۔ 4 ستمبر صبح 10 بجے پردیش کانگریس کمیٹی اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں امیدواروں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ اسکریننگ کمیٹی کے صدرنشین مرلیدھرن اور ارکان بابا صدیقی اور جگنیش میوانی پردیش الیکشن کمیٹی کے ارکان سے انفرادی طور پر ملاقات کریں گے اور امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی جائے گی۔ اسکریننگ کمیٹی کی منظوری کے بعد اے آئی سی سی کی اعلیٰ اختیاری کمیٹی فہرست کو منظوری دے گی ۔