امیدواروں کے کامیابی کے امکانات کا جائزہ لینے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کا اضلاع کا دورہ

   

حیدرآباد ۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھر راؤ کے اسمبلی انتخابات کیلئے مہم شروع کرنے سے قبل پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راماراؤ اور وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ نے اضلاع کے دورہ کا پروگرام بنایا ہے تاکہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور ترقیاتی پروگرامس کا آغاز کیا جائے۔ قائدین کا کہنا ہیکہ ہریش راؤ اور کے ٹی آر ارکان اسمبلی کے کامیابی کے امکانات کے بارے میں اور بی آر ایس کو درپیش چیالینجس کے بارے میں مقامی قائدین سے معلومات حاصل کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے بھوپال پلی ملگ، اولڈ میدک، اولڈ نلگنڈہ، کھمم اور دوسرے اضلاع میں ترقیاتی پروگرامس میں حصہ لیا ہے اور عام جلسوں سے مخاطب کیا ہے۔ کے ٹی آر نے اولڈ کریم نگر ڈسٹرکٹ کا بار بار دورہ کیا اور مقامی ارکان اسمبلی اور بی آر ایس کے سینئر قائدین کے ہمراہ ترقیاتی پروگرامس کے آغاز کی تقاریب میں شرکت کی۔ انہوں نے راجنا سرسلہ ڈسٹرکٹ میں کئی پروگرامس میں شرکت کی اورسیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔ جمعہ کو ان کا دورہ ونپرتی اہمیت کا حامل ہے۔ قائدین نے کہا کہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے مقامی قائدین سے بات چیت کی اور ارکان اسمبلی کے کامیابی کے امکانات کے بارے میں دریافت کیا۔