امیدپورٹل میں وقف اندراج، کرناٹک سب سے آگے

   

پنجاب، جموں و کشمیر دوسرے و تیسرے نمبر پر، مرکزی وزیر کرن رججو کا انکشاف، سجادہ نشین سید محمد علی الحسینی کی مساعی قابل فخر
گلبرگہ۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی وزیر برائے اوقاف کرن رججو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پچھلے3دن سے پورے ملک سے سیاسی لیڈران، سماجی کارکنان، مشہور و معروف شخصیات،دانشوران، اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی اُن سے ملاقات کر رہے ہیں اور سبھی نے ایک ہی گذارش کی تھی کہ اُمید پورٹل پر وقف جائیدادوں کے رجسٹریشن کے لئے5دسمبر2025کی تاریخ آخری ہے اُس میں مزید توسیع کی جائے، لیکن حکومت اب تک خاموش تھی اور اس پر کوئی فیصلہ کرنے کے موقف میں نہیں تھی، لیکن آج مرکزی وزیر برائے اوقاف کرن رججو نے میڈیا کو بتایا کہ مودی سرکار نے سبھی کی گذارش پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ اُمید پورٹل پر رجسٹریشن کے لئے مزید 3ماہ کی مہلت دی جائیگی۔ اُنہوں نے کہا کہ بہت سی ریاستوں سے شکایتیں موصول ہوئی ہیں کہ پورٹل صحیح طریقہ سے کام نہیں کررہا تھا اور سرور ڈاؤن ہونے کی وجہ سے رجسٹریشن کا کام وقت مقررہ میں مکمل نہیں ہوسکا۔ سبھی ریاستی حکومتوں کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ بھی پورٹل پر رجسٹریشن کے لئے ریاستی وقف بورڈ کو اپنا مکمل تعاون پیش کریں۔کرن رججو نے بتایا کہ آج صبح تک کے اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ51ہزار جائیدادوں کو رجسٹر کیا گیا ہے،مرکزی وزیر نے کُل جائیدادوں کی تعداد9لاکھ بتائی ہے۔ ریاست کرناٹک کا ذکر کرتے ہوئے کرن رججو نے کہا کہ پورے ملک میں کرناٹک ہی ایک ایسی ریاست نے جس نے اب تک50ہزار سے زائد جائیدادوں کو رجسٹرڈ کیا ہے۔ دوسرے اور تیسرے نمبر پر اُنہوں نے پنجاب اور جموں کشمیر کا ذکر کیا۔ کرناٹک کے لئے یہ خوش آئند بات ہے کہ چیرمین کرناٹکا وقف بورڈ تقدس مآب حضرت حافظ سید محمد علی الحسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ و چانسلر کے بی این یونیورسٹی کی خصوصی دلچسپی کا ہی نتیجہ ہے کہ آج پورے ملک میں کرناٹک ہی وہ واحد ریاست ہے جس نے تقرییا50ہزار سے زائد جائیدادوں کو رجسٹرڈ کروانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس عظیم کارنامہ کیلئے تقدس مآب حضرت حافظ سید محمد علی الحسینی صاحب قبلہ قابل مبارکباد ہیں، اُن ہی کی محنتوں سے آج پوری ریاست کے مسلمانوں کا سر فخرسے اونچا ہوا ہے۔ حضرت قبلہ نے اپنی تمام تر مصروفیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس کام کو وقت پر مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے، اُسی کا نتیجہ ہے کہ آج مرکزی وزیر کرن رججو نے بڑے ہی فخر سے کہا کہ پورے ملک میں صرف کرناٹک وہ واحد ریاست ہے جس نے اب تک50ہزار سے زائد جائیدادوں کو رجسٹرڈ کیاہے۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ صاحب قبلہ کومستقبل میں بھی قوم کی ایسے ہی خدمت کرنے کا مزید جذبہ عطا کرے۔ آمین