امید پورٹل پر وقف جائیدادوں کا لازمی رجسٹریشن کیا جائے

   

یونائٹیڈ مسلم فورم کی اپیل، مخالف وقف قانون شعور بیداری کیلئے مساجد کے خطیب و ائمہ سے اپیل

حیدرآباد ۔ 5 ۔نومبر (سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم نے اوقافی اداروں کے متولیان ، انتظامی کمیٹیوں ، سجادگان اور وقف کا تحفظ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ اوقافی جائیدادوں کو امید پورٹل پر درج کرائیں۔ یونائٹیڈ مسلم فورم نے ملک میں دستور کے تحت اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور قانون وقف 2025 کے خلاف عوامی شعور بیداری پر زور دیا۔ فورم کے ذمہ داران مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم صدر ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ، مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ ، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی ، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ، جناب ضیاء الدین نیر، جناب سید منیرالدین احمد مختار (جنرل سکریٹری)، محمد ظہیرالدین صوفی اور دوسروں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ نئے وقف قانون کے تحت مرکزی حکومت نے اوقافی جائیدادوں کو امید پورٹل پر درج کرانے کو لازمی قرار دیا ہے۔ وقف قانون 2025 کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواستیں زیر التواء ہے ۔ اس سلسلہ میں عدالت کے قطعی فیصلہ کا انتظار ہے ۔ حکومت کے عزائم کو دیکھتے ہوئے کوئی جوکھم نہ لیا جائے اور موقوفہ جائیدادوں کو امید پورٹل میں درج کیا جائے۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ تربیتی اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں 10 نومبر کو اہم اجلاس قادری چمن فلک نما میں مقرر ہے۔ وقف جائیدادوں سے متعلق افراد اور نمائندوں سے شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔ یونائٹیڈ مسلم فورم نے ملک کی 12 ریاستوں میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی کے سلسلہ میں شہریوں سے خواہش کی ہے کہ وہ انتخابی فہرستوں میں اپنے اور افراد خاندان کے ناموں کے بارے میں چوکسی اختیار کریں ۔ فورم نے کہا کہ امید پورٹل اور قانون وقف کے خلاف مسلم پرسنل لا بورڈ کی مہم کے بارے میں خطیب صاحبان کو چاہئے کہ وہ عوام کو واقف کرائیں۔ جمعہ کے خطبات میں ان موضوعات کا احاطہ کریں۔ فورم نے مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیۃ العلماء تلنگانہ و آندھراپردیش کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔1