ممبئی : مہاراشٹر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر اور آبی وسائل کے سابق وزیر جینت پاٹل نے اتوار کو امید ظاہر کی کہ ریاست کے نئے گورنر رمیش بیس بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کٹھ پتلی نہیں بنیں گے ۔ پاٹل نے کہا کہ عظیم شخصیات کی توہین کی اور آئین کے خلاف کام کرنے والے اور غیر آئینی حکومت کو حلف دلانے والے لوگوں کی وجہ سے گورنر کے عہدہ کا وقار اور فخر کو داغدار ہوا ہے ۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی جانب سے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کا استعفیٰ قبول کرنے اور رمیش بیس کو ریاست کا نیا گورنر مقرر کرنے کے بعد پاٹل نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی نے حکومت سے گورنر کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، اسی لیے ہم مہاراشٹر کے نئے گورنر کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نئے گورنر پچھلے گورنروں کی طرح بی جے پی کی کٹھ پتلی نہیں بنیں گے ۔ پاٹل نے ریاست کی عظیم شخصیات چھترپتی شیواجی مہاراج، مہاتما جیوتی با- ساوتری مائی پھولے ، راج رشی شاہو مہاراج اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی تعریف کی۔