جنیوا : عالمی صحت تنظیم کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانام نے وزیراعظم ہند نریندر مودی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف جس طرح دنیا بھر میں کوویڈ ویکسین کی مساویانہ تقسیم کررہے ہیں وہ یقینی طور پر ایک احسن اقدام ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ دنیا کے دیگر ممالک کے سربراہان بھی نریندر مودی کے نقش قدم پر چلیں گے۔ یاد رہیکہ ہندوستان نے دنیا کے 60 سے زائد ممالک کو کوویڈ۔19 کے ٹیکے فراہم کئے ہیں۔ اپنے ایک ٹوئیٹ میں عالمی صحت تنظیم کے ڈائرکٹر جنرل گیبریاسیس نے کہا کہ ہندوستان نے جس طرح زائد از 60 ممالک کو کوویڈ۔19 کے ٹیکے فراہم کرنے میں تعاون کیا ہے اس سے ان ممالک میں ٹیکہ اندازی کا عمل شروع کرنے میں کافی مدد ملی۔ ہندوستان نے بنگلہ دیش کو 20 لاکھ، میانمار کو 17 لاکھ، نیپال کو 10 لاکھ، بھوٹان کو 1.5 لاکھ، مالدیپ کو ایک لاکھ، ماریشیس کو ایک لاکھ، سری لنکا کو 5 لاکھ، بحرین کو ایک لاکھ اور افغانستان کو 5 لاکھ کوویڈ کی خوراکیں سربراہ کی ہیں۔
