امیرترین ہندوستانیوں کی مجموعی دولت جی ڈی پی کا 50 فیصد

   

مکیش امبانی پھر سے امیرترین ہندوستانی بن گئے، اڈانی کا دوسرا نمبر، روشنی ملہوترا کی تیسری پوزیشن

ممبئی ، 2 اکٹوبر (ایجنسیز) ریلائنس انڈسٹریز کے مکیش امبانی نے اپنی دولت میں چھ فی صد کمی کے باوجود 2025ء میں امیرترین ہندوستانی کی حیثیت سے اپنی پوزیشن دوبارہ حاصل کرلی ہے اور حریف گوتم اڈانی کو اس مقام سے ہٹا دیا۔ گزشتہ روز ملک میں امیرترین شخصیتوں کی فہرست جاری کی گئی۔ ایم 3 ایم ہورن انڈیا رچ لسٹ 2025ء کے مطابق 68 سالہ امبانی کی دولت چھ فی صد گھٹ کر 9.55 لاکھ کروڑ روپئے ہوگئی، پھر بھی اڈانی کے 8.14 لاکھ کروڑ روپئے سے کافی آگے ہے۔ اڈانی کے گروپ کو ہنڈن برگ رپورٹ کے سبب کافی نقصانات ہوئے تھے لیکن جب گروپ کو کلین چٹ مل گئی تو ان کی دولت 95 فی صد بڑھ کر 11.6 لاکھ کروڑ روپئے ہوگئی تھی اور وہ گزشتہ سال امیرترین ہندوستانی بن گئے تھے۔ ایچ سی ایل کی روشنی نادر ملہوترا پہلی مرتبہ ٹاپ تھری میں شامل ہوئی ہیں۔ وہ 2.84 لاکھ کروڑ روپئے کی دولت کے ساتھ تیسرے مقام پر ہیں۔ سائرس پوناوالا اور ان کی فیملی نے 2.46 لاکھ کروڑ روپئے کی تخمینی دولت کے ساتھ چوتھا مقام برقرار رکھا ہے جبکہ کمار منگلم برلا 2.32 لاکھ کروڑ روپئے کی دولت کے ساتھ پانچویں مقام پر ہیں۔ برلا کی دولت میں 1 فی صد کی کمی ہوئی ہے جو ٹاپ 5 امیر اشخاص میں سب سے کم فرق ہے۔ امیر ترین شخصیتوں کی اس فہرست والوں کی مجموعی دولت 167 لاکھ کروڑ روپئے ہورہی ہے جو ہندوستان کی مجموعی دیسی پیداوار کا لگ بھگ نصف ہے۔ اس فہرست میں 1,687 افراد فی کس کم از کم 1,000 کروڑ روپئے کی دولت کے مالک ہیں، جو 284 افراد کا اضافہ ہے جبکہ 148 نئے افراد شامل ہوئے ہیں۔
ہندوستان میں گزشتہ دو سال سے ہر ہفتہ ایک ارب پتی کا اضافہ ہوا ہے جبکہ اس فہرست میں شامل افراد کی دولت ہر روز 1,991 کروڑ روپئے بڑھی ہے۔ پرپلیکسٹی کمپنی کے بانی اور چینائی کی پیدائش والے اروند سرینواس (31 سال) 21,190 کروڑ روپئے کی دولت کے ساتھ اس فہرست میں ارب پتی کی حیثیت سے پہلی بار شامل ہوئے ہیں اور وہ اس فہرست میں شامل 350 ارب پتی اشخاص میں سب سے کم عمر ہیں۔ نیرج بجاج اور ان کی فیملی کی دولت 43 فی صد اضافے کے ساتھ 2.33 لاکھ کروڑ روپئے ہوئی ہے اور وہ چار مقامات آگے بڑھ کر چھٹے امیرترین ہندوستانی بن گئے ہیں۔