امیرپیٹ تا ہائی ٹیک سٹی میٹرو ریل کے آغاز کا منصوبہ

   

8اسٹیشنوں پر سیکورٹی کی تعیناتی کیلئے خانگی اداروں سے عملے کی طلبی
حیدرآباد ۔ 11فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) میٹرو ریل نے ہائی ٹیک سٹی میں اپنی خدمات شروع کرنے کیلئے تیار ہوگئی ہے ، جس کے ساتھ ہی آرام دہ سفر کی سہولت کی فراہمی کیلئے اُلٹی گنتی کا آغاز ہوگیا ۔ اس ضمن میں کمشنر میٹرو ریل سیفٹی کے لازمی معائنہ کی تیاریاں جاری ہیں ۔ یہ معائنہ کمرشیل خدمات کے آغاز کیلئے قطعی کلیئرنس تصور کیا جاتا ہے جس کے پیش نظر حیدرآباد میٹرو ریل نے نئی روٹ پرمختلف اسٹیشنوں کی ضروریات پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ کمشنر میٹرو ریل سیفٹی توقع ہے کہ اواخر ہفتہ تک معائنہ کرسکتے ہیں اور کلیئرنس کے حصول کے بعد خدمات کے آغاز کیلئے چیف منسٹر کے دفتر ( سی ایم او ) سے رجوع ہوں گے ۔ امیر پیٹ ، ہائی ٹیک سٹی روٹ کے درمیان موجود 8 اسٹیشنوں پر سیکورٹی عملے کی تعیناتی کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ مدھورانگر ، یوسف گوڑہ ، جوبلی ہلز چیک پوسٹ ، پداماں مندر ، مادھاپور ، درگم چیرو اور ہائی ٹیک سٹی پر واقع ان نئے ریلوے اسٹیشنوں پر درکار افراد ی قوت کی تعیناتی کیلئے خانگی اداروں کو طلب کیا گیا ہے ۔ تعیناتی کے منصوبہ میں 32سیکورٹی سوپر وائیزرس ، 112 مرد اور 48 خاتون سیکورٹی کارڈس شامل ہیں ۔ میاں پور ، ایل بی نگر اور ناگول ۔ امیرپیٹ کے موجودہ روٹس پر روزانہ 1.75 لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں ۔