امیرپیٹ میٹرو اسٹیشن کا حادثہ لاپرواہی کا نتیجہ: ششی دھر ریڈی

   

مہلوک خاتون کے پسماندگان کو 50 لاکھ ایکس گریشیا کا مطالبہ، کمپنی کے خلاف کارروائی ضروری
حیدرآباد۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) سابق وزیر اور سینئر کانگریسی قائد ایم ششی دھر ریڈی نے امیر پیٹ میٹرو ریلوے اسٹیشن پر حادثے میں خاتون کی ہلاکت کو میٹرو ریل حکام کی لاپرواہی قرار دیا اور خاتون کے افراد خاندان کو 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ششی دھر ریڈی نے بتایا کہ بارش کے دوران کل امیرپیٹ میٹرو اسٹیشن میں کانکریٹ کا ایک حصہ گرنے سے ایک نوجوان خاندان کی برسر موقع موت واقع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل کے آغاز میں کانگریس پارٹی کا اہم رول ہے۔ پی جناردھن ریڈی اور انہوں نے پراجیکٹ کے لیے اہم رول ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کل کے واقعہ پر وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما رائو کا ردعمل انتہائی غیر انسانی اور لاپرواہی پر مبنی ہے۔ انہوں نے خاطیوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کرنے کی بات کہی ہے۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ میٹرو ریل 72 کیلومیٹر پر محیط ہے اور عام طور پر بارش کے ساتھ ہی لوگ میٹرو ریل پلرس کے سایہ میں پناہ لیتے ہیں۔ کل کا واقعہ ریل حکام کی لاپرواہی کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بارش کے نتیجہ میں عوام یہ سوچنے پر مجبور ہوچکے ہیں کہ آیا میٹرو ریل پلرس کے نیچے ٹھہرنا ان کے لیے خطرے سے خالی نہیں۔ وہ صحیح سلامت اپنے گھر پہنچ پائیں گے یا نہیں اس کا خوف لاحق ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں میٹرو ریل کی سیفٹی پر سوال کھڑے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر بلدی نظم و نسق کو واقعہ کے ذمہ داروں کی وضاحت کرنی چاہئے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے میٹرول ریل کا افتتاح کیا تھا اور دو سال میں اس طرح کا واقعہ پیش آنا تعمیری کاموں میں نقائص کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے آئی آئی ٹی ماہرین کے ذریعہ اس معاملے کی جانچ کا مطالبہ کیا۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ کے سی آر جس وقت مرکزی وزیر لیبر تھے انہوں نے ای ایس آئی ہاسپٹل کا کنٹراکٹ فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو دیا۔ آئی آئی ٹی ماہرین سے اس معاملہ کی جانچ کی گئی جس میں 5 کروڑ روپئے کے نقصان کی نشاندہی کی گئی جس کے بعد کے سی آر کے خلاف سی بی آئی مقدمہ درج کیا گیا جو آج بھی جاری ہے۔ انہوںنے کہا کہ حیدرآباد کی شان میٹرو ریل خامیوں سے پاک کیاجانا چاہئے۔ کل کے واقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ کانگریس کے ترجمان جی نرنجن نے الزام عائد کیا کہ احتیاطی اقدامات کی کمی کے نتیجہ میں خاتون کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے واقعہ کے ذمہ دار میٹرو ایل اینڈ ٹی پر قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔