دوحہ 3 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے قطر کے امیر کو آئندہ ہفتے خلیجی علاقائی ممالک کی ریاض میں ہونے والی چوٹی کانفرنس کیلئے مدعو کیا ہے ۔ قطری سرکاری میڈیا نے یہ بات بتائی اور یہ واضح نہیں کیا کہ آیا امیر قطر نے یہ دعوت قبول کی ہے یا نہیں۔ 10 ڈسمبر کو ہونے والی چوٹی کانفرنس میں خلیج کے چھ ممالک شرکت کر رہے ہیں اور یہ اشارے مل رہے ہیں کہ قطر اور سعودی عرب کے مابین اختلافات میں کمی آ رہی ہے ۔ ان اختلافات کی وجہ سے قطر کے معاشی مقاطعہ کا 2017 میں آغاز ہوا تھا ۔ سعودی عرب اور حلیف ممالک مصر ‘ بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطر ائرویز کیلئے اپنی ہوائی پٹی بند کردی تھی اور اس ملک کے سفر پر امتناع بھی عائد کردیا تھا ۔ ان ممالک کا الزام تھا کہ قطر انقلابی گروپس کی تائید کرتا ہے اور اسے ایران سے تعلقات ختم کرلینے چاہئیں۔