امیر پیٹ میں 20 کمپیوٹر کوچنگ مراکز مہربند‘ بلدیہ کی کارروائی

,

   

Ferty9 Clinic

فائر سیفٹی اقدامات نہ کرنے کا شاخسانہ ۔ اسکولس اور کالجس آئندہ نشانہ
حیدرآباد۔4جولائی (سیاست نیوز) امیر پیٹ میں واقع کمپیوٹر و دیگر کوچنگ سنٹرس پر موجود سینکڑوں ہورڈنگس و فلیکس نکالنے کے بعد آج مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 20کوچنگ سنٹرس کو مہر بند کردیا گیا ۔ گذشتہ ماہ کے دوران بڑے پیمانے پر کاروائی کرتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ کی جانب سے ان کوچنگ سنٹرس پر لگائے جانے والے بیانرس اور غیر مجاز ہورڈنگ بورڈس کو نکال دیا گیا تھا اورآج جی ایچ ایم سی کے شعبہ ڈزاسٹر ریلیف فورس کی جانب سے کاروائی کرتے ہوئے فائر سیفٹی کے انتظامات نہ ہونے کے سبب 20 کوچنگ سنٹرس کو مہر بند کردیا گیا۔ مسٹر وشواجیت کمپاٹی کی نگرانی میں کی جانے والی اس کاروائی کے سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان کوچنگ سنٹرس کو جہاں کمپیوٹر کے مختلف کورسس کی تربیت فراہم کی جاتی ہے انہیں نوٹس دیتے ہوئے آتش فرو آلات کی تنصیب کی ہدایت دی گئی تھی لیکن ان کوچنگ سنٹرس کی جانب سے نوٹسوں کو نظر انداز کئے جانے کے سبب انہیں مہر بند کرنے کی کاروائی انجام دی گئی ہے۔ مسٹر وشواجیت کمپاٹی نے بتایا کہ بلدی حدود میں کسی بھی طرح کے ناگہانی واقعات کو روکنے اقدامات کے تحت یہ کاروائی کی گئی ہے اور جن تعلیمی اداروں ‘ ریستوراں اور پبس کے علاوہ دواخانو ںمیں آتش فرو آلات کی تنصیب نہیں کی گئی ہے ان کو مہر بند کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد کو حادثات سے پاک بنانے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کئے جانے والے متعدد اقدامات میں یہ بھی ایک اہم اقدام ہے جس کے تحت آتشزنی کے واقعات پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس کوشش میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہورہی ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے سابق میں ریستوراں اور پبس میں آتش فرو آلات کی تنصیب اور فائر این او سی نہ ہونے کے سبب کاروائی کرتے ہوئے انہیں مہر بند کیا گیا تھا اور اب ان کوچنگ سنٹرس کے خلاف کاروائی کی جا رہی ہے جن کوچنگ سنٹرس میں آتش فرو آلات موجود نہیں ہیں۔ اسی طرح جی ایچ ایم سی کی جانب سے آئندہ تعلیمی اداروں بالخصوص اسکول اور کالجس میں بھی آتش فرو آلات کی تنصیب کے سلسلہ میں خصوصی مہم چلائے جانے کا منصوبہ ہے تاکہ ان عمارتوں کو بھی طلبہ کیلئے محفوظ بنانے کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے امیر پیٹ کے علاقہ میں کی گئی اس کاروائی پر کوچنگ سنٹرس کے ذمہ داروں نے الزام عائد کیا گیا کہ جی ایچ ایم سی عملہ کی جانب سے انہیں نشانہ بنایا جار ہاہے اور ہراسانی کی پالیسی اختیار کی جا رہی ہے۔