امیر پیٹ کی تحصیلدار کورونا پازیٹیو سے متاثر

   

Ferty9 Clinic

بلدی دفاتر میں کیسس میں اضافہ، ملازمین رخصت پر جانے کی تیاری میں

حیدرآباد۔ ریاست میں سرکاری عہدیداروں اور ملازمین کے کورونا سے متاثر ہونے کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ امیر پیٹ کی تحصیلدار چندرا کلا میں کورونا پازیٹیو پایا گیا جس کے بعد دفتر کو بند کرتے ہوئے بلدی حکام نے سینٹائز کیا۔ دفتر کے دیگر ملازمین اور عہدیداروں کے ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں اور ملازمین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جو کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس اور شہر کے دیگر بلدی دفاتر میں عہدیداروں اور ملازمین میں کورونا کیسس میں اضافہ سے دیگر ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ بلدی دفاتر میں عوام کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور وزیٹرس کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ ہیڈ آفس کے علاوہ سرکل اور زونل دفاتر میں کورونا کے متاثرین پائے گئے ہیں۔ بلدیہ کے ہیڈ آفس میں چوتھی منزل پر ایک ملازم میں کورونا کی علامات پائی گئیں۔ اس شعبہ میں تاحال 5 ملازمین کورونا کا شکار ہوئے۔ شیر لنگم پلی زون اور چندا نگر سرکل میں بھی ملازمین کورونا کا شکار ہوئے۔ گاندھی ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ راجہ راؤ کی پیشی میں دو ملازمین کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ان کے افراد خاندان کو احتیاطی طور پر کورنٹائن کیا گیا ہے۔ ہاسپٹل کے ایک ملازم کو کورونا پازیٹیو آنے کے بعد علاج کیلئے شریک کیا گیا۔ بلدی ملازمین موجودہ صورتحال سے خوفزدہ ہوکر رخصت کی درخواست دے چکے ہیں لیکن بیک وقت تمام ملازمین کو رخصت کی منظوری ممکن نہیں لہذا بلدی ملازمین موجودہ صورتحال سے خوفزدہ ہیں۔