واشنگٹن : امریکی کانگریس کے ایوان نمائندگان کی ایک کمیٹی نے دنیا کی چار بڑی آئی ٹی کمپنیوں پر ہائی ٹیک انڈسٹری میں اپنی اجارہ داری قائم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ پندرہ ماہ کی تفتیش کے بعد جاری ہاؤس جوڈیشری کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امیزون، گوگل، ایپل اور فیس بک کی طاقت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے لیکن یہ کمپنیاں بظاہر کسی کو جوابدہ نہیں۔ 449 صفحات پر مبنی اس رپورٹ میں حکومت سے سفارش کی گئی ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں مسابقت کو فروغ دینے کے لیے ان بڑی کمپنیوں کی تنظیم نو اور ان کے کاروبار کو ریگولیٹ کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ امریکہ میں بیشتر ڈیموکریٹک ارکان بڑی ہائی ٹیک کمپنیوں کو ضابطوں کے تحت لانے کے حامی ہیں تاہم ریبپلکن ارکان عمومی طور پر اس کے خلاف ہیں۔