امیزون کو ہندوستان میں پاکستانی روح افزا کی فروخت بند کرنے عدالت کی ہدایت

   

نئی دہلی ۔ مقبول عام مشروب روح افزا تیار کرنے والی ہندوستانی کمپنی ہمدرد نے عدالت سے شکایت کی تھی کہ آن لائن ریٹیلر امیزون پاکستانی ہمدرد کی تیار کردہ روح افزا ہندوستان میں فروخت کررہی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے امیزون کو حکم دیا کہ وہ پاکستان میں تیار کردہ روح افزا کو ہندوستان میں فروخت ہونے والی ای ریٹیل اشیاء کی اپنی فہرست سے ہٹا دے۔ دہلی ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ روح افزا ایک ایسا مشروب ہے جسے ہندوستانی عوام ایک صدی سے زیادہ عرصہ سے استعمال کررہے ہیں۔ اس کی کوالٹی پر ہندوستان کے فوڈ سیفٹی اور اسٹینڈرڈ ایکٹ اور لیگل میٹرولوجی ایکٹ کا اطلاق ہوتا ہے۔ اور ہندوستان میں اسے تیار کرنے والے کمپنی ہمدرد نیشنل فاونڈیشن اس پر عمل کرتی ہے۔ لیکن حیرت کی بات ہے کہ ایک امپورٹیڈ پروڈکٹ کو، اسے تیار کرنے والوں کی جانب سے مصنوعات کی مکمل تفصیلات دیئے بغیر ہی، امیزون پر ہندوستان میں فروخت کیا جا رہا ہے۔