ویلنگٹن، یکم اپریل (یو این آئی)کپتان امیلیا کیرکی 179رنزکی ناٹ آوٹ اننگزکی بدولت نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم نے کھیلے گئے دوسرے ونڈے مقابلے میں جنوبی افریقہ کو دوگیندیں قبل دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابرکردی ہے۔ 347رنزکے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا اور سوزی بیٹس صرف8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ اس کے بعد امیلیا کیر نے جارجیا پلیمر (23) کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ مڈل اوورز میں جنوبی افریقیبولروں نے میڈی گرین (13) اور بروک ہالیڈے(14) کی وکٹیں حاصل کر کے میچ پرگرفت مضبوط کر لی تھی۔ایسے مشکل وقت میں ازابیلا گیز نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 120 رنزکی شراکت داری ہوئی۔ ازابیلا نے48 گیندوں پر 68 رنزکی برق رفتار اننگز کھیلی۔ امیلیا کیر نے139 گیندوں پر23 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 179رنزکی میچ فاتح اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ نے49.2 اوورز میں8 وکٹوں پر350 رنز بنا کر ہدف حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے آیا بونگا خاکا نے تین، جبکہ ایم کلاس اور کائلا رینیکے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر346رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بنایا۔