کمشنر حیڈرا اے وی رنگناتھ کے دورہ کے اندرون 48 گھنٹے کارروائی ۔ صنعتی فضلہ چھوڑنے والوںکو بھی انتباہ
حیدرآباد۔3 ۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز) کمشنر ’حیڈرا‘ مسٹر اے وی رنگاناتھ کے دورہ ٔ امین پور تالاب کے 48 گھنٹے کے بعد ’حیدرا‘ کے عملہ نے امین پور تالاب میں قبضہ جات کو برخواست کروانے بڑے پیمانے پر کاروائی میں سروے نمبر 462 میں 18گنٹہ پر کی گئی تعمیرات کو پوری طرح سے منہدم کردیا گیا۔ مقامی صدرنشین بلدیہ ٹی پانڈو رنگا ریڈی نے ’حیدرا‘ کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے متعدد کوششیں کی اور جے سی بی اور بلڈوزرس کے روبرو لاریوں کو کھڑا کرکے آگے بڑھنے سے روکنے کی ناکام کوشش کی اور عہدیداروں سے ان کی لفظی جھڑپ بھی ہوئی اس کے باوجود ’حیدرا‘ نے امین پور تالاب میں ان تعمیرات کو منہدم کرنے کے بعد اس کام میں رکاوٹ پیداکرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا اور انکشاف کیا کہ امین پور تالاب میں ان تعمیرات اور قبضہ جات میں خود صدرنشین بلدیہ مسٹر ٹی پانڈورنگاریڈی ملوث ہیں اور ’حیدرا‘ نے تمام تفصیلات حاصل کرنے کے بعد ہی سروے نمبر 462میں موجود 18گنٹے اراضی پر قبضہ جات کو برخواست کروانے تعمیرات کو منہدم کیا ہے۔ دو دن قبل کمشنر ’حیڈرا‘ مسٹر اے وی رنگا ناتھ نے امین پور تالاب سنگاریڈی کا دورہ کرکے اس تالاب پر قبضہ جات کے متعلق شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ ان قبضہ جات مکمل رپورٹ تیار کرکے انہیں اندرون 24 گھنٹے پیش کریں ۔ عہدیداروں کی جانب سے رپورٹ کی پیشکشی کے 24گھنٹے بعد ’حیڈرا‘ نے کاروائی کرتے ہوئے 18 گنٹے پر موجود قبضہ جات کو برخواست کردیا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ تالاب کے ایف ٹی ایل کی جانچ کے ساتھ مکمل تالاب کی بحالی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق ’حیڈرا‘ عہدیداروں کی جانب سے امین پور تالاب میں صنعتی فضلہ چھوڑنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور تالاب میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر کارروائی کیلئے پولیوشن کنٹرول بورڈ کے عہدیداروں کو متوجہ کیا جا رہاہے علاوہ ازیں اس تالاب کو گندگی سے پاک اور قبضوں سے پاک بنانے کارروائی کے متعلق ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں کا کہناہے کہ تالاب میں تعمیرات کی نشاندہی اور تالاب کے اطراف و اکناف میں جاری صنعتی سرگرمیوں کے متعلق رپورٹ تیار کرکے اعلیٰ عہدیداروں کو پیش کی جاچکی ہے ۔ کمشنر ’حیڈرا‘ اے وی رنگاناتھ کی جانب سے امین پور تالاب میں قبضہ جات کو برخواست کرنے ہدایات کے بعد عملہ نے اس کارروائی کو انجام دیا ہے۔3