مقامی عوامی شکایت پر حیدرا کی کارروائی ۔ مزید شکایات کا جائزہ لئے جانے کا امکان
حیدرآباد 18 نومبر ( سیاست نیوز) امین پور بلدیہ کے حدود میں سڑک اور فٹ پاتھ پر تعمیرات کے خلاف آج ’حیدرا‘ کی کارروائی میں دو جائیدادوں کو مکمل منہدم کرکے فوری ملبہ کی منتقلی کی ہدایت دی گئی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ امین پور میں سروے نمبر848 میں واقع وندنا پوری کالونی میں سڑک پر کی گئی تعمیرات کی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد انہیں ناجائز قرار دیا گیا اور اس کی برخواستگی کی کارروائی کا آغاز کرکے متعلقہ بلدیہ اور محکمہ مال کے عہدیداروں سے ان جائیداد اور تعمیرات کے متعلق تفصیلات حاصل کرکے انہیں منہدم کردیاگیا۔ اس کارروائی پر کالونی کے مکینوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ’حیدرا‘ کو کالونی کے ذمہ داروں کی سڑک پر قبضہ کے متعلق شکایات کے بعد اس کارروائی سے کالونی کے مکینوں کو راحت ملی ۔ تالابوں ‘ کنٹوں‘ نالوں پر قبضہ جات کی برخواستگی کے بعد ’حیدرا‘نے فٹ پاتھ پر ناجائز قبضہ جات اور سرکاری مقام پر تعمیرات کو برخواست کرنے مہم شروع کی اور فٹ پاتھ اور سڑکوں پر قبضہ جات کو برخواست کرنے انہدامی کارروائیوں جاری ہے ۔ آئندہ چند یوم میں مزید شکایتوں کا جائزہ لے کر کارروائی ہوگی ۔ امین پور بلدیہ میں ’حیدرا‘ کی انہدامی کاروائی کی اطلاعات پر شہرمیں یہ افواہ گشت کرنے لگی تھی کہ ’حیدرا‘ نے امین پور تالاب کے بفر زون میں تعمیرات کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا لیکن عہدیداروں نے وضاحت کی کہ صرف سڑک پر تعمیرات کی شکایات کا جائزہ لے کر قبضہ کو برخواست کرنے یہ کارروائی کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ قابضین کو 15 یوم قبل نوٹس دینے کے بعد کاروائی کی گئی ہے ۔3