حیدرآباد۔/20 جنوری، ( سیاست نیوز) شہر کے علاقہ امین پور میں ایک خاندان کی اجتماعی خودکشی کا واقعہ پیش آیا۔ گذشتہ دو دن سے مکان میں خاموشی کو دیکھ کر پڑوسیوں نے گھر والوں کو اطلاع دی۔ 42 سالہ سریکانت گوڑ اور اس کی بیوی 40 سالہ انامیکا اور 7 سالہ لڑکی سنگیدا نے خودکشی کرلی۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع کے ساتھ ہی پولیس نے مکان کا جائزہ لیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔ سریکانت گوڑ کے مکان میں پولیس نے مشتبہ اشیاء کو برآمد کیا۔ اس کے مکان میں پوجا کے کمرہ میں سامان بھکرا پڑا تھا۔ اس کے علاوہ بیوی اور بچی کی نعش ایک کمرہ میں اور سریکانت گوڑ دوسرے کمرہ میں پھانسی پر لٹکا ہوا تھا۔ پولیس نے ان کی موت پر شبہات کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سریکانت گوڑ اور انامیکا نے لو میریج کی تھی جو بین طبقاتی شادی تھی۔ ان کی ایک سات سالہ لڑکی بھی ان کے ساتھ تھی۔ سریکانت گوڑ سافٹ ویر ملازم تھا جو ٹی سی ایس میں کام کرتا تھا۔ افراد خاندان اور پڑوسیوں کے مطابق میاں بیوی کے درمیان خوشگوار تعلقات تھے تاہم خودکشی کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا۔ پولیس امین پور نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع