امین پور میں عزت نفس کیلئے قتل کی سنگین واردات

   

حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ضلع سنگاریڈی کے امین پور میں عزت نفس کے لیے قتل کی سنگین واردات پیش آئی ۔ لڑکی کے رشتہ داروں نے شادی پر رضا مندی ظاہر کرنے کے بعد نوجوان پر حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ۔ شادی کے لیے راضی ہونے کا پیغام دے کر لڑکے کو یقین دلایا اور لڑکی کو اپنے بھروسہ میں لینے کے بعد اس کے عاشق کو حملہ کا نشانہ بنایا ۔ یہ واردات امین پور کے بیرم گوڑہ علاقہ میں پیش آئی ۔ ذرائع کے مطابق 20 سالہ جیوتی شراون سائی جو انجینئرنگ کا طالب علم تھا ۔ قطب اللہ پور علاقہ میں کرایہ کے کمرے میں رہتا تھا ۔ اس لڑکے کی دوستی بیرم گوڑہ علاقہ کی ساکن لڑکی سے ہوئی 19 سالہ لڑکی اور شراون کے درمیان محبت ہوگئی اور دونوں ایک دوسرے سے عاشقی کرنے لگے ۔ ذرائع کے مطابق دراصل دونوں دسویں جماعت تک ایک ساتھ تعلیم حاصل کرتے تھے اور ان کی یہ دوستی محبت میں بدل گئی تھی ۔ اس بات کا پتہ چلنے کے بعد لڑکی کے والدین نے دونوں کو کئی مرتبہ وارننگ دی تھی اور ایک دوسرے سے دور رہنے کے لیے پابند کیا تھا ۔ لیکن جب ان دونوں نے دھمکی کے باوجود ملنا بند نہیں کیا اور دوستی مزید مضبوط ہونے لگی تو لڑکی کے والدین نے منصوبہ تیار کیا اور شراون کو راستے سے ہٹانے کی سازش کی اور اس سازش کے تحت شراون کو شادی کے لیے رضا مندی ظاہر کی اور عاشق جوڑے سے ڈھونگ کیا اور جیسے ہی شراون کو اپنے گھر طلب کیا ایک دم سے اس پر حملہ کرتے ہوئے ہلاک کردیا ۔ امین پور پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ع
امیر پیٹ کوچنگ سنٹر میں
آتشزدگی سے خوف و دہشت
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : امیر پیٹ کے ایک کوچنگ سنٹر میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔ کوچنگ سنٹرز اور تعلیمی ادارے انسٹی ٹیوٹ والے اس علاقہ میں ہر وقت تعلیمی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں اور طلبہ کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے ۔ اس حادثہ سے علاقہ میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ۔ ساتھی طلبہ نے ایک دوسرے کی مدد اور رہنمائی کرتے ہوئے پہلے کوچنگ سنٹر کو خالی کروایا گیا ۔ اس دوران آتش فرو عملہ پہونچ گیا اور آگ پر قابو پالیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ امیر پیٹ مائترونم میں واقع شیوم ٹکنالوجی سنٹر میں واردات پیش آئی ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا گیا ہے کوچنگ سنٹر میں موجودہ بیاٹریوں کے پھٹنے سے حادثہ پیش آیا۔ ع