امیٹھی ، رائے بریلی پر کانگریس خوفزدہ نہیں ، امیدوار کا آج فیصلہ

,

   

نئی دہلی : کانگریس اترپردیش کے باوقار لوک سبھا حلقہ جات امیٹھی اور رائے بریلی کیلئے اپنے امیدواروں کے بارے میں جاری تجسس ختم کرنے والی ہے۔ پارٹی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی صدر کانگریس ملک ارجن کھرگے کو فیصلے کا اختیار سونپا ہے اور فیصلہ کا اعلان اندرون 24 گھنٹے کیا جائے گا۔ پارٹی لیڈر جئے رام رمیش نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس میں کوئی بھی خوفزدہ نہیں اور کوئی بھی ذمہ داری سے بھاگ نہیں رہا ہے۔ کانگریس نے منگل کو جاری کردہ لوک سبھا امیدواروں کی تازہ فہرست میں امیٹھی اور رائے بریلی کیلئے امیدواروں کے نام شامل نہ کرتے ہوئے سسپنس کو برقرار رکھا ہے۔ گزشتہ روز امیٹھی میں کانگریس ورکرس نے امیدوار کے اعلان میں تاخیر پر احتجاج کیا تھا۔ ’’امیٹھی مانگے گاندھی پریوار‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے کانگریس ورکرس نے مطالبہ کیا کہ پارٹی راہول گاندھی کی امیدواری کا جلد از جلد اعلان کرے۔ دریں اثناء کانگریس کی مبینہ پریس ریلیز کا اسکرین شارٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا کو ترتیب وار امیٹھی اور رائے بریلی کیلئے پارٹی کے امیدوار بتایا گیا ہے۔ تاہم پی ٹی آئی فیاکٹ چیک ڈیسک کو پتہ چلا کہ کانگریس کے نام پر وائرل کیا گیا پریس ریلیز جعلی ہے۔ پارٹی نے اترپردیش کی ان دو نامی گرامی نشستوں کیلئے اپنے امیدواروں کا ابھی اعلان نہیں کیا ہے۔