ام المومنین و خلفائے راشدین کی شان میں گستاخی

   

Ferty9 Clinic

گستاخ وسیم رضوی کے خلاف کارروائی کیلئے وزیر داخلہ و کمشنر سے نمائندگی
حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) اُم المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا اور خلفائے راشدین کی شان میں گستاخی کرنے والے یو پی شیعہ وقف بورڈ کے چیرمین وسیم رضوی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے مختلف تنظیموں نے وزیرداخلہ جناب محمود علی اور پولیس کمشنر سے شکایت درج کروائی۔ غلامان مصطفی کمیٹی نے جناب محمود علی سے نمائندگی کرکے گستاخ وسیم رضوی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وزیرداخلہ کو واقف کروایا گیا کہ وسیم رضوی اُم المؤمنین اور خلفائے راشدین کی شان میں بدترین گستاخی کررہا ہے اور اِس کے باوجود وہ قانون کی گرفت سے باہر ہے۔ وزیرداخلہ نے مناسب کارروائی کا تیقن دیا ہے۔ مسلم نوجوانوں کے ایک گروپ نے گستاخ وسیم رضوی کے خلاف پولیس کمشنر کو ایک تحریری شکایت درج کروائی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ مذکورہ شخص اُم المؤمنین کی شان میں دانستہ گستاخی کرکے اپنے چیانل پر لنک بھی اپ لوڈ کیا ہے اور 25 منٹ پر مشتمل ایک ٹریلر منسوب کیا ہے جو انتہائی دلآزار اور گستاخانہ ہے۔ ایڈوکیٹ نظام علی خان اور سید وسیم نے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے گستاخ وسیم رضوی خلفائے راشدین کی شان میں گستاخی کررہا ہے اور غیر ذمہ دارانہ بیانات بھی جاری کررہا ہے۔ وفد نے کمشنر سے نمائندگی میں یہ مطالبہ کیاکہ فلم کی ریلیز کو فوری روکا جائے اور وسیم رضوی کے خلاف سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے کیوں کہ مذکورہ شخص دونوں فرقوں میں منافرت پھیلانے کا سبب بن رہا ہے۔