اناؤ ریپ کیس:ملزم اب بھی بی جے پی میں،انصاف پر سوالیہ نشان: پرینکا

   

لکھنؤ: 29 جولائی(یواین آئی) اناؤ ریپ کیس متاثرہ کے ساتھ پیش آئے سڑک حادثے کے بعد کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرانے پیر کو یوگی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کی جانب سے انصاف پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ریپ ملزم کے اب بھی بی جے پی میں ہونے پر سوال اٹھایا ہے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے بی جے پی حکومت سے یہ بھی سوال پوچھا کہ خاتون اور چشم دیدوں کی سیکورٹی میں کیوں تساہلی برتی گئی؟ پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں پرینکا نے لکھا‘‘اناؤ عصمت دری متاثرہ کے ساتھ ہوا سڑک حادثہ چونکانے والا ہے ۔اس کیس میں چل رہی سی بی آئی انکوائری کہاں تک پہنچی ہے ؟ملزم رکن اسمبلی ابھی تک بی جے پی میں کیوں ہیں؟متاثرہ اور گوہوں کے تحفظ میں لاپرواہی کیوں؟ان سوالات کے جواب ملے بغیر بی جے پی حکومت سے انصاف کی کوئی امید نہیں کی جاسکتی ہے ؟‘‘۔ قابل ذکر ہے کہ اتوار کی شام نیشنل ہائی وے 31 پر ریپ متاثرہ کی گاڑی کو ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر ماری تھی۔