اناؤ ریپ کیس ، رکن اسمبلی، دیگر 9 کیخلاف قتل کا مقدمہ

   

نئی دہلی ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے اترپردیش میں بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر اور دیگر 9 افراد کے خلاف قتل کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ یہ مقدمہ ایک کار اور ٹرک کے درمیان تصادم کے واقعہ سے متعلق ہے۔ ایک عورت جس نے رکن اسمبلی پر عصمت ریزی کا الزام عائد کی تھی اس حادثہ میں شدید زخمی ہوگئی تھی جس کی حالت ہنوز تشویشناک ہے۔ سی بی آئی کی طرف سے تشکیل شدہ ایک خصوصی ٹیم نے اترپردیش میں ضلع رائے بریلی کے گرونجش گنج علاقہ پہنچ کر تحقیقات کا آعاز کردیا جہاں یہ حادثہ پیش آیا تھا۔ ایک تیز رفتار ٹرک اتوار کے روز اس کار کو ٹکر دی تھی جس میں اناؤ میں عصمت ریزی کی شکار لڑکی رائے بریلی روانہ ہورہی تھی۔ اس حادثہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھی اور اس کے دو رشتہ دار ہلاک ہوگئے تھے۔ سی بی آئی کے ترجمان نے کہا ہیکہ ’’سی بی آئی اس کیس کی تیز رفتار اور اطمینان بخش تحقیقات کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی ہے‘‘۔ اس ٹیم نے حادثہ کے مقام کا معائنہ کیا۔ اس ٹرک کی بھی جانچ کی گئی ہے جو سفید ماروتی سوائیفٹ کو ٹکر دی تھی۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بی جے پی کے رکن اسمبلی پر عصمت ریزی کا الزام لگانے والی عورت رائے بریلی جیل میں قید اپنے چچا مہیش سنگھ سے ملاقات کے بعد واپس لوٹ رہی تھی۔ اس لڑکی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے رکن اسمبلی نے اس وقت روزگار دلانے کا جھانسہ دیتے ہوئے عصمت ریزی کی تھی جب وہ نابالغ تھی۔ بی جے پی نے دعویٰ کیا ہیکہ اس رکن اسمبلی کو یہ الزامات منظرعام پر آنے کے بعد معطل کردیا گیا تھا۔ سنٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن (سی بی آئی) عصمت ریزی کے اس واقعہ کی تحقیقات بھی کررہی ہے اور اس ضمن میں پہلے ہی مقدمہ درج کرچکی ہے۔