اناؤ عصمت ریزیمعاملے پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ،کارروائی ملتوی

   

نئی دہلی،5دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)کانگریس سمیت اپوزیشن پارٹیوں نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران اناو عصمت ریزی معاملے پر بحث کی اجازت نہ دئے جانے پر ہنگامہ کیا جس کے بعد چیئرمین ایم وینکئیا نائیڈو نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔ضروری کاغذات میز پر رکھے جانے کے بعد کانگریس اراکین نے اناو عصمت ریزی معاملے کی متاثرہ کو جلائے جانے کے واقعہ پر بحث کا مطالبہ کیا لیکن نائیڈو نے اس کی اجازت نہیں دی اور کہا کہ یہ معاملہ ایوان کی کارروائی کی فہرست میں نہیں ہے ۔اس پر اپوزیشن اراکین کھڑے ہوکربلا تاخیر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان میں شوروغل کرنے لگے ۔نائیڈو نے اراکین سے نظام بنائے رکھنے کی اپیل کی لیکن اپوزیشن اپنے مطالبے پر بضد رہی ،جس کی وجہ سے انہوں نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔آئینی دستاویزوں کو میز پر رکھنے کے بعد راجیہ سبھا کے چیئرمین نے ایوان کی مختلف کمیٹیوں کی میٹنگوں میں اراکین کی کم موجودگی پر ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ ان کمیٹیوں کے 80اراکین میں سے 18اراکین کی موجودگی ہی صد فیصد رہی۔اسی دوران ترنمول کانگریس کے ڈیرک اوبرائن نے خصوصی توجہ کی تجویز کی اجازت نہ دئے جانے کا مسئلہ اٹھایا۔