اناؤ عصمت ریزی : سپریم کورٹ کا فیصلہ ریاستی حکومت کی ناکامی پر مہر ہے

   

نئی دہلی ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے ذریعہ اناؤ عصمت ریزی کے تمام کیسیس کو ریاست سے منتقل کرنے کی ہدایت، ریاستی حکومت کی ناکامی اور اترپردیش میں پھیل رہے جنگل راج پر ایک مہر ہے۔ واضح رہیکہ سپریم کورٹ نے گذشتہ روز ریاستی انتظامیہ کو اناؤ عصمت ریزی سے متعلق تمام پانچ کیسیس کو دہلی منتقل کردینے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج ہندی میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے مذکورہ باتیں کہیں۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سنگر کے اور دیگر 10 افراد کے خلاف کیس بک کرلیا ہے۔ یہ مقدمہ چند روز قبل متاثرہ خاتون کے کار کے ساتھ ایک ٹرک کی قصداً ٹکرا کر ہلاک کردیئے جانے کی واقعہ کے بعد درج کیا گیا ہے۔ مذکورہ خاتون نے اس حادثہ کیلئے بھی کلدیپ سنگھ سنگر اور اس کے ساتھیوں کو ذمہ دار بتایا ہے۔ بی جے پی نے اس واقعہ کے بعد شدید بدنامی کا سامنا کرتے ہوئے کلدیپ سنگھ سنگر کو پارٹی سے خارج کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ بالآخر بی جے پی نے یہ تسلیم کرلیا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں مجرمین کو جگہ دیکر اس کی حفاظت کرتی رہی ہے۔ تاہم اب ایسے افراد کو پارٹی سے نکال باہر کرتے ہوئے کم از کم اپنی ایک غلطی کو سدھارنے کی کوشش کی ہے۔ کلدیپ سنگھ کے خلاف 2017ء میں اس وقت مقدمہ درج کرلیا جب متاثرہ خاتون نے یوگی کی رہائش کے باہر اپنے آپ کو جلا لینے کی کوشش کی تھی۔