انالینا بیئربوک اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی نئی صدر

   

نیویارک۔ 3 جون (ایجنسیز) جرمنی کی سابق وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کو منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا۔ وہ ستمبر میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ اس عہدہ پر فائز ہونے والی وہ پانچویں خاتون ہیں۔جرمنی کی سابق وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے نظام کے تحت جنرل اسمبلی کی صدر کا انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا۔ رائے شماری میں انا لینا بیئربوک نے 167 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابل جرمنی کی سابق سفارت کار ہیلگا شمڈ کو سات ووٹ حاصل ہوئے۔ 14 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔وہ جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے کچھ پہلے 9 ستمبر کو ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ صدر کے طور پر ان کی مدت ایک سال تک رہے گی۔اپنے انتخاب کے بعد اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انالینا بیئربوک نے رکن ممالک اور موجودہ صدر فائلیمن یانگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی دانشمندانہ، متاثر کن اور باعث اتحاد قیادت کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔