ٹی سرینواس یادو کی قیادت میں جی ایچ ایم سی آفس کے روبرودھرنا فیصلے پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 28 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی سرینواس یادو کی قیادت میں بی آر ایس کے کارپوریٹرس و دیگر قائدین نے جی ایچ ایم سی کے ہیڈ آفس لبرٹی پر احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ اناپورنا کینٹین کا نام اندراماں سے موسوم کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اپنے فیصلے سے فوری دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹی سرینواس یادو نے کیا کہ، مختلف اضلاع و دیگر مقامات سے شہر حیدرآباد پہنچنے والے غریب عوام اور بیروزگاروں کی بھوک مٹانے کیلئے سابق چیف منسٹر کے سی آر نے بی آر ایس کے دورحکومت میں صرف 5 روپئے میں کھانا فراہم کرنے اناپورنا کینٹین کا افتتاح کیا تھا۔ اس طرح گریٹر حیدرآباد کے 150 مقامات پر اناپورنا کینٹین کے ذریعہ معیاری کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔ ان کینٹین کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے اور کھانے کے ایٹمس میں اضافہ کرتے ہوئے غریب عوام کی مدد کرنے کے بجائے کینٹین کا نام تبدیل کیا جارہا ہے جس کی بی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور جی ایچ ایم سی سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔ ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ کانگریس کے دیڑھ سالہ دورحکومت میں اناپورنا کینٹین کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے مگر 20 کینٹین کو بند کردیا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے 6 ضمانتوں کے علاوہ عوام سے 420 وعدے کئے ان وعدوں پر عمل کرنے کے بجائے موجودہ اسکیمات کے نام تبدیل کردیئے جارہے ہیں۔ راج شیکھر ریڈی کے دورحکومت میں متعارف کردہ آروگیہ شری اسکیم کے نام کو کے سی آر نے تبدیل نہیں کیا بلکہ اس کو برقرار رکھا تھا۔2