آرام سے بیٹھ کر کھانے جگہ کی فراہمی، بیت الخلاء، پنکھے اور پانی، کوکٹ پلی زون میں تجربہ
حیدرآباد۔29اگسٹ(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں چلائی جانے والی انا پورنامیل اسکیم سے استفادہ حاصل کرنے والوں کو اب سڑک کے کنارے کھڑے کھڑے کھانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ ان کیلئے تجرباتی اساس پر جی ایچ ایم سی نے کوکٹ پلی زون کے 5سرکلس میں جگہ کی نشاندہی کرتے ہوئے 7.5لاکھ کی لاگت سے ہوٹل کی شکل میں بیٹھنے کی گنجائش‘ بیت الخلاء ‘ پنکھے اور پینے کے پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔وی ممتا زونل کمشنر کوکٹ پلی زون نے یہ بات بتائی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں مجموعی اعتبار سے 5 روپئے میں کھانے کے زائداز 200 مراکز چلائے جا رہے ہیں لیکن کسی بھی مقام پر آرام سے بیٹھ کر کھانے کی گنجائش نہیں ہے لیکن اب کوکٹ پلی زون نے تجرباتی اساس پر ان انا پورنا مراکز کو ہوٹل کی شکل دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ 5روپئے میں کھانا کھانے والوں کو سڑک کے کنارے کھڑے کھڑے کھانے کی ضرورت نہ پڑے ۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ 200 سے زائد مراکز پر یومیہ 60 ہزار سے زائد افراد دوپہر میں کھانے کی اس اسکیم سے استفادہ حاصل کرتے ہیں لیکن کسی بھی مقام پر بیٹھ کرکھانے کی سہولت نہیں ہے۔ کوکٹ پلی زون میں شروع کی جانے والی اس سہولت کو منفرد سہولت قرار دیا جا رہاہے اور اگر یہ تجربہ کامیاب ہوتا ہے تو ایسی صورت میں جی ایچ ایم سی حدود میں موجود تمام اناپورنا مراکز کے ساتھ ایسی ہوٹل بنائی جائیں گی جہاں پر آرام سے بیٹھ کرکھانا کھایا جاسکے گا۔ 5روپئے میں کھانے کی اسکیم سے استفادہ کرنے والوں میں بیشتر مزدور طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد ہیں جو کہ مزدوری کے دوران ان مراکز سے 5روپئے میں کھانا حاصل کر لیتے ہیں۔ علاوہ ازیں ایسے بے گھر افرا د ہیں جو کہ رقم ادا کرتے ہوئے کھانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ M