انتخابات ختم ہوتے ہی چچا۔بھتیجے میں پھر اختلافات

   

اٹاوہ: سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو اور ان کے چچا شیوپال سنگھ یادو کے درمیان اختلافات ایک بار پھر بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔حال ہی میں منعقد ہوئے اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کو ہرانے کے عزم کے ساتھ چچا ۔بھتیجے ایک ساتھ آگئے تھے لیکن انتخابات کے بعد ایک بار پھر دونوں کے درمیان ان بن کی باتیں سامنے آنے لگی ہیں۔دونوں کی درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے اس کا پہلا مظاہرہ گذشتہ کل سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے نومنتخب اراکین کی طلب کی گئی میٹنگ میں شیوپال کو نہ بلائے جانے کے بعد دیکھنے کو ملا۔میٹنگ میں نہ بلائے جانے سے دلبرداشتہ شیوپال نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا میٹنگ کے لئے وہ گذشتہ دو دنوں سے لکھنؤ میں ہی مقیم تھے اور اس کے لئے انہوں نے اپنے سارے پروگرام بھی منسوخ کردئیے تھے لیکن انہیں مدعو نہیں کیا گیا۔ اب وہ اپنے آبائی ضلع جارہے ہیں جہاں اپنے لوگوں کے درمیان بیٹھ کر فیصلہ کریں گے اور اس کے بعد اس کا اعلان کیا جائے گا۔راجدھانی لکھنؤ سے شیوپال سیدھے اپنے اسمبلی حلقے جسونت نگر کے ادئے پورا کلا گاؤں پہنچے جہاں انہوں نے بی ایس پی چھاتر سبھا کے جنرل سکریٹری پرشانت یادو کے یہاں منعقد ایک تقریب میں شرکت کی۔