انتخابات سے قبل تشدد کی کوشش، ممتا بنرجی کی وارننگ

   

کولکاتہ، 27 جنوری (یو این آئی) مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کے روز عوام سے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ کچھ عناصر انتخابی فوائد کے لیے فسادات بھڑکانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ تمام مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان بقائے باہمی کی بنگال کی طویل روایت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کا شکار نہ ہوں۔ بنرجی نے کہاکہ کچھ لوگ ووٹوں کے لیے فسادات کرانے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن ہم یہاں سال کے 365 دن موجود ہیں۔ اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔ ہر کسی کو امن سے رہنا چاہیے ۔” انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آزادی کے بعد سے مغربی بنگال میں تمام مذاہب کے لوگ مل جل کر رہتے آئے ہیں۔ شہریوں کو ان کی مشترکہ شناخت کی یاد دلاتے ہوئے انہوں نے مزید کہا، ”ہم ہندوستانی ہیں۔وزیراعلیٰ نبانّہ سے ‘سیرتی’ میں نو تعمیر شدہ شمشان گھاٹ کا ورچوئل افتتاح اور واٹ گنج میں ‘دائی گھاٹ’ پر ایک اور شمشان گھاٹ کا سنگِ بنیاد رکھنے کے موقع پر خطاب کر رہی تھیں۔