انتخابات سے قبل تمام مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کی ہدایت

   

نارائن پیٹ میں جائزہ اجلاس، ضلع کلکٹر کویاسری ہرشا کا خطاب

نارائن پیٹ ۔ یکم۔ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر نارائن پیٹ کویا سری ہرشا، آئی اے ایس نے ضلع کلکٹریٹ کے چیرمین، الیکشن نوڈل افسران، تربیت افسران کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر و الیکشن آفیسر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی کہ نہیں آئندہ عام انتخابات سے متعلق تمام مسائل سے واقفیت حاصل کرنی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ فلائنگ اسکواڈ میں چار ارکان ہوں گے اور تین شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں انتخابات کے موقع پر 20 کیس درج کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فلائنگ اسکواڈ میں ایک فوٹو گرافر بھی ہوگا۔ انہوں نے دریافت کیا کہ گزشتہ انتخابات کے موقع پر کتنے مقامات پر دھاوا کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر آفیسروں کو الیکشن ٹریننگ حاصل کرنی چاہئے۔ پریسائیڈنگ افسران کو ٹریننگ دی گئی ہے۔ تاہم انہیں الیکشن کے ہر اصول و ضوابط سے خوب اچھی طرح واقفیت حاصل کرنی چاہئے تاکہ آئندہ انتخابات میں کسی قسم کی گڑبڑ نہ ہو اور صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل تمام پولنگ بوتھس اور پولنگ اسٹیشنوں کا انتخاب اور انتظامات کو قبل از وقت مکمل کیا جانا چاہئے۔ اس موقع پر ایڈیشنکل کلکٹر ریونیو اشوک کمار، ایس ڈی سی راجندر گوڑ، ڈی آر ڈی اے گوپال کو آپریٹیو آفیسر اور ڈی پی آر او عبدالرشید و دیگر موجود تھے۔