انتخابات سے قبل ٹی آر ایس مئیر عہدے کے نصف قریب

,

   

ٹی آر ایس معاون ارکان کی تعداد 38 ، مزید صرف 38 ڈیویژنس پر کامیابی سے میجک فیگر کا حصول ممکن

حیدرآباد :۔ انتخابات سے قبل ٹی آر ایس مئیر عہدے کے 50 فیصد قریب پہونچ گئی ہے ۔ ٹی آر ایس اپنی حلیف مجلس کے ساتھ صرف 28 ڈیویژنس پر کامیابی حاصل کرنے پر ( ایکس آفیشو ) معاون اراکین کی تائید سے بہ آسانی مئیر کے عہدے پر قبضہ کرسکتی ہے ۔ حکمران ٹی آر ایس کے کھاتے میں 35 معاون ارکان کے ووٹ ہیں ۔ مجلس کے معاون ارکان کا شمار کرلیں تو اس کی تعداد 45 تک پہونچ جائے گی ۔ گورنر کوٹہ میں منتخب ہونے والے ٹی آر ایس کے تین ارکان قانون ساز کونسل نے بھی جی ایچ ایم سی میں اپنے آپ کو ایکس آفیشو ارکان کی حیثیت سے درج کرایا ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی بگل بجاتے ہی تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی انتخابی سرگرمیاں تیز کردی ۔ جی ایچ ایم سی کے 150 بلدی ڈیویژنس میں مئیر کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے میجک فیگر 76 ہے ۔ ٹی آر ایس اور مجلس کے کھاتے میں ایکس آفیشو ارکان کی تعداد 48 ہے ۔ ٹی آر ایس کی جانب سے 100 سے زائد بلدی ڈیویژنس پر کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ اور اس سمت انتخابی مہم چلانے کی حکمت عملی تیار بھی کی جارہی ہے ۔ اگر ٹی آر ایس و مجلس کا فرینڈ اتحاد 28 بلدی ڈیویژنس پر بھی کامیابی حاصل کرنا ہے تو مئیر کے عہدے پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگا ۔ واضح رہے کہ 2016 میں منعقدہ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں ٹی آر ایس کو 99 ، مجلس کو 44 ، بی جے پی کو 4 ، کانگریس کو 2 اور تلگو دیشم پارٹی کو ایک ڈیویژن پر کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ اگر ٹی آر ایس مئیر کا عہدہ تنہا حاصل کرنا چاہتی ہے تو 38 ڈیویژنس پر کامیابی حاصل کرنا کافی ہے ۔ ٹی آر ایس پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ 2016 میں 99 ڈیویژنس پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹی آر ایس کو اس مرتبہ 38 ڈیویژنس پر کامیابی حاصل کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے کیوں کہ گذشتہ 5 سال کے دوران حکومت کی جانب سے گریٹر حیدرآباد کی ترقی کے لیے جو کام کیے گئے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں ۔ شہر کے عوام اس سے پوری طرح مطمئن ہیں ۔۔