انتخابات میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے ارشادعلی آزادکی اپیل

   

پٹنہ: بہار پردیش جنتا دل یونائٹیڈ کے جنرل سکریٹری اور بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین ارشاد علی آزاد نے لوک سبھا انتخابات کے دوران پولنگ فیصد کو مزید بڑھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے اس عظیم ترین جشن میں ہمیں پورے جوش و خروش کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہی موقع ہوتا ہے جب ہم اپنے نمائندہ کا انتخاب کرتے ہیں جو ملک کی پارلیمنٹ میں پہنچ کر ہماری آواز بنتے ہیں اور ہمارے لئے پالیسی بناتے ہیں۔جنتادل یوکے ریاستی جنرل سکریٹری ارشاد علی آزاد نے کہا کہ انتخابات کے دوران ہی ہمیں یہ موقع ملتا ہے کہ ایسے نمائندہ کا انتخاب کریں جو عوام کے مفاد میں کام کرنے والا ہو۔ عوام کی ترقی کے لئے کام کرنے والا ہو، جمہوریت کو مضبوط کرنے والاہو، روزی روزگار، صحت اور تعلیم کے شعبے میں کام کرنے والا ہو۔ جمہوریت نے یہ حق دیا ہے کہ آپ کے ووٹ سے آپ کے نمائندہ کا انتخاب ہو۔ اس لئے ضروری ہے کہ انتخابات میں قسمت آزما رہے امیدواروں کو اپنے تجربے اور امیدوں کے ترازو میں تول کر انتخاب کرکے انہیں پارلیمنٹ بھیجیں۔