منسک :برطانیہ اور کینیڈا نے انتخابات میں دھاندلی اور احتجاج کرنے والے شہریوں پر مظالم کے الزام پر بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو، ان کے بیٹے اور دیگر سینئر عہدیداروں پر سفری پابندی عائد اور اثاثے منجمد کردیے۔خبر ایجنسی ’’رائٹرز‘‘ کے مطابق برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومینک راب کا کہنا تھا کہ لوکاشینکو کو انسانی حقوق کی پامالی اور انتخابات میں دھاندلی کی قیمت چکانی پڑے گی۔برطانوی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں لوکاشینکو کے اتحادی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب بھی اشارہ کیا لیکن برطانیہ نے تاحال روس کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بیلاروس میں انتخابات کے بعد اپوزیشن نے طویل عرصے سے حکومت کرنے والے لوکاشینکو پر دھاندلی کا الزام لگایا تھا۔بیلاروس کے صدر نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپوزیشن کے احتجاج کو سختی سے کچلنے کی کوشش کی تھی اور سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق لوکاشینکو کی جانب سے 9 اگست کو انتخابات میں کامیابی کے اعلان کے بعد 1200 سے زائد افراد گرفتار ہوئے تھے۔
