انتخابات میں شفافیت کے ساتھ سخت قواعد پر عمل لازمی

   

ووٹرس کیلئے تمام تر سہولتوں کو یقینی بنایا جائے ، سنگاریڈی میں عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت

سنگاریڈی، 30 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگا ریڈی ضلع کلکٹر پی پروینیا نے کہا کہ سنگاریڈی ضلع میں بلدیاتی انتخابات کو پرامن، شفاف اور غیرجانبدارانہ ماحول میں کرانے کے لیے تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں آج کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں نوڈل افسروں کے ساتھ ایک اہم کوآرڈینیشن میٹنگ منعقد کی گئی جس میں انتخابی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا کلکٹر نے واضح کیا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی، گرام پنچایت سرپنچ اور وارڈ ممبران کے انتخابات کو پوری شفافیت کے ساتھ اور سخت قواعد کے مطابق منعقد کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ضلع میں انتخابی ضابطہ اخلاق (ایم سی سی) آج سے نافذ ہوچکا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو اس پر سختی سے عمل کرنا ہوگا کلکٹر پی پروینیا نے کہا کہ پولس، ریونیو، ایکسائز، پنچایت راج اور دیگر متعلقہ محکموں کو مکمل تال میل اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جاسکے ۔ اسٹرانگ رومز اور ووٹوں کی گنتی کے رومز میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تحصیلداروں اور ایم پی ڈی اوز کو خصوصی طور پر ہدایت دی کہ وہ مقامی سطح پر ایم سی سی کے نفاذ پر گہری نظر رکھیں۔ کلکٹر نے انتباہ دیا کہ اگر کسی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔کلکٹر نے کہا کہ انتخابی عمل کے لیے درکار تمام انتخابی سامان، عملہ، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع بھر میں فول پروف سکیورٹی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ عوام آزادانہ طور پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں۔ضلع پریشد سنگاریڈی میں ایک خصوصی ہیلپ لائن نمبر 8125352721 قائم کیا گیا ہے۔ کلکٹر نے کہا کہ اگر کسی کو انتخابات سے متعلق کوئی شکایت، شبہ یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ فوری طور پر اس ہیلپ لائن سے رجوع کرسکتا ہے۔اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر (لوکل باڈیز) چندر شیکھر، زیڈ پی سی ای او جانکی ریڈی، ایڈیشنل زیڈ پی سی ای او سوپنا، ڈی پی او سائبابا سمیت دیگر ضلع سطح کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی